پروفیسر ابو الکلام قاسمی کا تعلق ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ سے تھا، ان کی پیدائش 20 دسمبر 1950 کو ہوئی۔انہوں نے ابتداً دارالعلوم دیوبند وغیرہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سنہ 1984 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری لی اور علی گڑھ یونیورسٹی سے وابستہ ہوگئے۔انہوں نے اے ایم یو کے شعبہ اردو کی صدارت کے علاوہ فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین بھی رہے۔پروفیسر ابو الکلام قاسمی نے سرسید احمد خاں کے جاری کردہ معروف رسالہ 'تہذیب الاخلاق' کی ادارت بھی ایک لمبی مدت تک کی ہے۔اس رسالہ کے علاوہ وہ متعدد رسالہ کی بھی سرپرستی کرتے رہے، مثلاً علی گڑھ میگزین ،الفاظ، انکار، تہذیب الاخلاق، فکر و نظر اور امروز وغیرہ کے نام اہم ہیں۔اردو تنقید کے حوالے سے ان کا اہم نام ہے، انہوں نے متعدد کتابیں لکھی ہیں، ان میں مشرقی شعریات، معاصر تنقیدی رویے،شاعری کی تنقید وغیرہ ان کی اہم کتابیں ہیں۔انہوں نے ای ایم فارسٹر(E M Forester) کی مشہور کتاب اسپیکٹس آف دی ناول(Aspects of the Novel) کا ترجمہ بعنوان 'ناول کا فن' کیا ہے۔ یہ کتاب سنہ 1992 میں شائع ہوئی۔اس کتاب کی اشاعت نے ان کی شہرت میں چار چاند لگا دیا۔سنہ 2009 میں پروفیسر ابو الکلام قاسمی کو ان کی کتاب'معاصر تنقیدی رویے' پر ساہتیہ اکادمی ایوارڈ نوازا گیا۔ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کے علاوہ پروفیسر ابو الکلام قاسمی کو متعدد دیگر انعامات و اعزازات بھی ملے۔ اور 8 جولائی 2021 کو پروفیسر ابوالکلام قاسمی اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔